نسائیت مخالف تبصروں سے شہرت حاصل کرنے والے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے ماہرہ خان کے ساتھ ڈرامے میں کام کرنے پر پچھتاوے کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سن 2014ء میں اداکارہ ماہرہ خان نے خلیل الرحمان قمر کے ڈرامہ سیریل صدقے تمہارے میں مرکزی کردار ادا کیا جس کی کہانی ڈرامہ نگار کی ذاتی زندگی سے متعلق تھی۔
ماضی میں ٹی وی پر پیش کیے گئے ڈرامے میں ماہرہ خان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا، تاہم صدقے تمہارے نشر کیے جانے کے 7 سال بعد ڈرامہ نگار خلیل الرحمان کو پچھتانے کا خیال آگیا۔
حال ہی میں ایک ٹاک شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ اپنی زندگی کی کہانی پر مبنی ڈرامہ سیریل صدقے تمہارے میں اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ کام کرکے پچھتاوا محسوس کرتا ہوں۔
خلیل الرحمان قمر نے یہ بھی کہا کہ اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ کام پر میں ہمیشہ تشویش میں مبتلا رہوں گا۔ عورت مارچ کی حامی ماہرہ خان نے خلیل الرحمان قمر کے خلاف گفتگو کی تھی، جس کا یہ ردِ عمل سامنے آیا۔
ایک بار خلیل الرحمان قمر نے یہ بھی کہا تھا کہ اداکارہ ماہرہ خان کے ٹوئٹر پیغام نے مجھے ہلا کر رکھ دیا۔ مارچ 2020 میں ماہرہ خان نے کہا تھا کہ مجھے ماروی سرمد کیلئے خلیل الرحمان قمر کے تبصرے نے پریشان کردیا ہے۔
I am shocked at what I have just heard and seen!! Sick to the core. This same man who abused a woman on tv is revered and given project after project because of what? We are as much to blame if not more for perpetuating this thinking! #khalilurrehmanqamar
— Mahira Khan (@TheMahiraKhan) March 4, 2020
پچھتاوے کے اظہار پر اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ میں نے جو کچھ دیکھا اور سنا، اس پر تشویش ہے۔ جس شخص نے ٹی وی پر ایک خاتون کو گالی دی تھی، اسے کس وجہ سے ایک کے بعد ایک پراجیکٹ دیا جارہا ہے؟
اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ اگر ہم ایسی ہی سوچ کو ترویج اور فروغ دیتے رہے تو ایسے لوگوں کے مین اسٹریم میں آنے پر ہمیں ہی موردِ الزام ٹھہرایا جائے گا۔ قبل ازیں خلیل الرحمان قمر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر ماہرہ فون پر بات کرتیں تو اتنا برا نہ لگتا۔
دوسری جانب دو مختلف شوبز شخصیات نے اداکارہ ماہرہ خان کا ساتھ دیا جن میں صدقے تمہارے کے ساتھی فنکار عدنان ملک بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ڈرامے میں خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کام کرنے کو ایک ناخوشگوار تجربہ قرار دیا۔
اداکار محمد احتشام الدین نے بھی ماہرہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ چاہے کوئی بھی ہو، میں ماہرہ خان کی حمایت جاری رکھوں گا جس پر ماہرہ نے بھی ان کی انسٹا گرام اسٹوری شیئر کی اور ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: صبا قمر کے ڈرامہ سیریل تمہارے حسن کے نام پرعمران عباس کا شاعرانہ تبصرہ