کراچی ٹرانسفارمیشن پلان،محمود آباد نالے کو اصل شکل میں بحال کرنے کا کام مکمل

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان،محمود آباد نالے کو اصل شکل میں بحال کرنے کا کام مکمل
کراچی ٹرانسفارمیشن پلان،محمود آباد نالے کو اصل شکل میں بحال کرنے کا کام مکمل

کراچی: کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت محمود آباد نالے کو اصل شکل میں بحال کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ محمود آباد نالہ کی تعمیر نو سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزرا اسدعمر، علی زیدی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی، صوبائی وزیر سعید غنی، میجر جنرل اختر نواز چیرمین این ڈی ایم اے سمیت دیگر شریک ہوئے۔

تقریب میں پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی، تاجر برادری اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔محمود آباد نالہ ایف ڈبلیو او نے ریکارڈ مدت نو ماہ میں مکمل کیا ہے۔

محمود آباد نالے کی بحالی سے اطراف کی آبادیاں محفوظ ہوگئی ہیں۔نالے کے انیس کلو میٹر رقبہ پر محیط افراد کا سیلابی صورتحال سے بچا ؤہوسکے گا۔ نالے کے دونوں اطراف اسٹریٹس لائٹس نصب کی گئیں ہیں۔

محمود آباد نالے کی کل لمبائی ساڑھے تین کلومیٹر ہے۔نالے کی چوڑائی کو زیادہ سے زیادہ 80 فٹ اور گہرائی 8 میٹر تک کی گئی ہے۔ ایف ڈبلیو او نے بیس سے پچیس سال پرانا کچرا نالے سے نکالا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ جس وقت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر کام شروع ہوا اس وقت کوویڈ کی صورتحال درپیش آگئی۔این ڈی ایم اے اس وقت ہمارے لئے آکسیجن اور اسپتال قائم کر رہی تھی۔

وزیر اعظم نے ایف ڈبلیو او کو اس منصوبے میں شامل کیا اور ہمیں ایف ڈبلیو او نے مایوس نہیں کیا۔پورے پاکستان میں ایف ڈبلیو او کے منصوبے چل رہے ہیں۔امید ہے ایف ڈبلیو او اپنے منصوبوں کو بروقت اور احسن طریقے سے مکمل کریگی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے کو مکمل کرنا جس سے لوگوں کے معمولات متاثر ہو رہے ہوں مشکل ہوتا ہے۔ان معاملات کو سنبھالنے میں علی زیدی، بلال غفار اور سعید غنی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی نے کہا کہ محمود آباد نالے کی ازسرنو تعمیر پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا خصوصا، وزارت منصوبہ بندی و ترقیات، وفاقی وزیر اسد عمر این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مجھے یاد ہے، 2019 میں ہم نے نالے صاف کرنے کی کوشش کی تو کافی مشکل ہوئی۔مجھے ایک غیر ملکی کمپنی کے کیپٹن نے کہا کہ ایک دن بندر گاہ کچرے سے بند ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اسد عمر ہمارے پڑوسی بھی ہیں اور کراچی میں رہتے بھی ہیں۔

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ نالے کی تعمیر نو پر خوشی ہے۔میری ساری زندگی یہاں گزری ہے۔بارشوں میں صورتحال بہت خراب ہوجاتی تھی۔2018 میں اس نالے اور سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع ہوا۔

ایف ڈبلیو او اور این ڈی ایم اے نے اس پر کام شروع کیا۔ تجاوزات کا خاتمہ بھی ایک بڑا چیلنج تھا۔نالے کی تعمیر نو کردی گئی ہے اسے کشادہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف رکھنا صرف حکومتوں اور اداروں کا کام نہیں ہے۔شہری بھی اپنا کردار ادا کریں اور نالوں میں کچرا ڈالنے سے گریز کریں۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی بلال غفار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نالے کے قرب و جوار کی آبادیاں بری طرح متاثر ہوتی تھیں۔کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت اس منصوبے کی تعمیر نو کی گئی ہے۔ کراچی کو ٹرانسفارم کرنے کے وعدے پورے ہورہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کاریگولیٹری اتھارٹیز کو کارٹیل اور مافیاز پرکڑی نظر رکھنے کا حکم

کراچی کے تین بڑے نالے گیارہ سو تیرا ارب روپے پیکج کے تحت ہی ہیں۔اس منصوبے کی تکمیل سے علاقہ مکینوں اور رہائشیوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔رہاشیوں کو اس نالے کا خیال رکھنا ہے اس میں دوبارہ کچرا نہیں ڈالنا ہم نے اپنی زمہ داری ادا کرنی ہے۔میں تمام رہاشیوں کی طرف سے تشکر کا اظہار کرتا ہوں

Related Posts