چٹا گانگ:پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حسن علی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت 330 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسرے روز کیاختتام پر بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لیے۔
چٹاگانگ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو شروع میں ہی سنچری بنانے والے لٹن داس 114 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔لٹن داس کے ساتھ 206 رنز کی شاندار شراکت قائم کرنے والے مشفیق الرحیم سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے۔
بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 330 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ یاسر علی 4، تیج الاسلام 11، ابو جید 8 اور عبادت حسین صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔حسن علی نے دوسرے دن عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔
پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 51 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2، 2 جبکہ ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 330 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور طویل شراکت قائم کی۔
اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے تجربہ کار عابد علی کا بھرپور ساتھ دیا اور نصف سنچری مکمل کی۔عابد علی نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنی نصف سنچری بنائی۔
مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ، حسن علی کی 5وکٹیں،بنگلہ دیش پہلی اننگ میں 330 رنز بناکر آؤٹ