اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ رواں ماہ اکتوبر میں ہوگا جس کیلئے پوری تیاری کر لی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان مخالف بیان کے 2 پہلو ہیں۔ پہلا یہ کہ امریکا نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت حکومت کے تمام اقدامات مسترد کردئیے۔
امریکا پاکستان کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔شیخ رشید
انٹرویو کے دوران چیئرمین تحریکِ انصاف نے کہا کہ اس وقت بھارت امریکا کا پسندیدہ ملک بنا ہوا ہے تاہم اگر ملکی مفادات کے سامنے امریکا کے خلاف جانا پڑے تو حکومت کو اس سے اجتناب نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ہمیں عوام ہی منتخب کرکے ایوانِ اقتدار میں لاتے ہیں۔
امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنے لوگوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربان کیا، تاہم پاکستان جو بھی کر ے، امریکا اس سے کبھی خوش نہیں ہوگا۔ موجودہ حکومت پاکستان کو ڈیفالٹ کی طرف لے جارہی ہے۔ ہم ملک بچا سکتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر ہم ڈیفالٹ سے نکل آئے تو اس کی بھاری قیمت دینا ہوگی۔ مجھے خدشہ ہے کہ امریکا ہم سے قومی سلامتی مانگے گا جو ختم ہو کر رہ جائے گی۔اگر نواز شریف وطن واپس آتے ہیں تو اس کا سب سے زیادہ سیاسی فائدہ ہم اٹھائیں گے۔