اداکارہ ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر ہراسگی اور بد زبانی کے خلاف سراپا احتجاج

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اداکارہ ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر ہراسگی اور بد زبانی کے خلاف سراپا احتجاج
اداکارہ ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر ہراسگی اور بد زبانی کے خلاف سراپا احتجاج

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر ہراسگی اور بد زبانی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے طویل پیغام میں اپنے گزشتہ بیان کی وضاحت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے سے ادکارہ ہانیہ عامر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں جن کی ایک ویڈیو عاشر وجاہت کے ہمراہ حال ہی میں وائرل ہوچکی ہے جبکہ انسٹا گرام پر براہِ راست سیشن کے دوران ہتک آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں کہا گیا کہ میں ایک دوہرے معیار کے حامل معاشرے میں جی رہی ہوں۔ ایک بار پھر ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے کہا کہ میری گفتگو کسی پرانے رشتے سے متعلق یا ذاتی نہیں ہے۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا کہ میں آخری بار حقائق بیان کرنا چاہتی ہوں۔یہ کسی پرانے تعلق کی بنیاد پر نہیں بلکہ مسئلہ کہیں بڑا ہے۔ بعد ازاں ہانیہ عامر نے اسکرین شاٹس کے 3 صفحات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے۔

ہانیہ عامر کے مطابق ان کی شکایت انٹرنیٹ پر استعمال کی جانے والی نازیبا زبان اور ہراسگی کے خلاف ہے۔ اگر کوئی شخص نازیبا حرکت کرے تو سوشل میڈیا صارفین اس کی ویڈیو وائرل کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کسی خاتون کو جنسی تسکین کا ذریعہ سمجھتے ہوئے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانا شگفتہ کام سمجھتے ہیں ، میری شکایت ان کے خلاف ہے۔ میں دوہرے معیارات اور ذہنی سوچ کے خلاف ہوں۔

معاشرے کے دوہرے معیارات کی شکایت کرتے ہوئے ہانیہ عامر نے کہا کہ ہم کس طرح کام کرتے ہیں اور لوگوں کے ساتھ کیسی گفتگو کرتے ہیں، اس سے مستقبل کیلئے ایک مثال قائم ہوجاتی ہے۔ میں اپنی غلطیاں تسلیم کرنے میں شرم محسوس نہیں کرتی۔

اپنے بیان کو دوہراتے ہوئے ہانیہ عامر نے کہا کہ میں مرد ذات کے خلاف نہیں ہوں، صرف دوہرے معیارات اور انٹرنیٹ پر ہونے والی بد زبانی کے خلاف آواز اٹھانا چاہتی ہوں کیونکہ یہ زندگیوں کو تباہ کرسکتی ہے۔

آخر میں ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو تنقید کا نشانہ بنانا آپ کا مقصد نہیں تو فوری طور پر سوشل میڈیا پر آکر اس بات کی وضاحت کرنی چاہئے کیونکہ دیر کرنے سے صورتحال مزید مخدوش ہوسکتی ہے اور کسی کے کردار کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا کہ دوہرے معیارات کے حامل معاشرے میں رہنا بے حد مشکل ہے جہاں مرد کو اْس کی بدتمیزی پر سراہا جاتا ہے اور عورت کو نیچا دِکھایا جاتا ہے۔

فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ہانیہ عامر نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی سہیلی کے ساتھ اپنے کمرے میں اْداس بیٹھی ہیں جبکہ اداکارہ کی سہیلی اْن کے چہرے پر مْسکراہٹ لانے کی کوشش کرتی نظر آئی۔

مزید پڑھیں: اس دوہرے نظام والی دنیا میں زندگی گزارنا مشکل ہے، ہانیہ عامر

Related Posts