کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان کے ہمراہ سینٹرل جیل کراچی کا دورہ کیا اور سینٹرل جیل میں قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔
آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر سندھ کو جیل امور پر بریفنگ دی۔گورنرسندھ سینٹرل جیل میں قائم قیدیوں کے اسپتال گئے اور قیدیوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی۔
جس کے بعد سینٹرل جیل کے اسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی اور علاج و معالجہ کی سہولیات کے حوالہ ان سے بات کی۔ سینٹرل جیل کے کچن کا بھی دورہ کیا، وہاں قیدیوں کے لئے بنائے گئے کھانے کو کھا کر چیک کیااور کچن کی صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔
گورنرسندھ نے جیل کے مختلف بیرکس کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں سے سہولیات کی فراہمی اور جیل عملہ کے رویہ پر ان کے تاثرات بھی معلوم کئے، سینٹرل جیل میں قائم ہینڈی کرافٹ اور پینٹنگ یونٹس بھی گئے وہاں پر قیدیوں کی بنائی گئی پینٹنگ اور دستکاری کے تیار نمونوں کی تعریف کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان نے پنجاب کی جیلوں میں ترقیاتی کام کرارہے ہیں اور وہ سندھ کی جیلوں کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمانہ کی عدم ادائیگی کے باعث جو قیدی اپنی مدت سزا مکمل کرنے کے باوجود قید میں ہیں ان کی فہرست طلب کی ہے کوشش کریں گے ان کے جرمانے ادا کردیئے جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ گرین لائن کا جلد آغاز کردیں گے – انھوں نے کہا کہ گرین لائن حتمی مراحل میں ہے اور اس ضمن میں گرین بسوں کی ٹیسٹنگ بھی جاری ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ شور مچانے والوں کو عوام میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ اپنے اقتدار کے لئے بھاگ دوڑ کررہے ہیں ان کو کوئی ٹیکہ لگتا ہے یہ پھر آجاتے ہیں،مولانا کو اب اقتدار سے الگ رہنے کی عادت ڈال لینی چاہئے۔
یہ لوگ چاہتے ہیں ان کے کیسز معاف کرکے انھیں اقتدار میں شامل کرلیا جائے،پی ڈی ایم والے کبھی ایک دوسرے کو برا بھلا کہتے ہیں تو کبھی ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان نے کہا کہ کراچی کی جیلوں میں قیدیوں کی بھلائی کے لئے اپنی فاونڈیشن کے ذریعے کام کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کی جیلوں میں بہتری کے لئے گورنر سندھ کی ہدایت پر صوبائی ہوم ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے میکنزم بھی بنائیں گے۔
مزید پڑھیں: نوجوانوں کو ٹیکنیکل مہارت سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، گورنرسندھ