وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی پر تبادلۂ خیال

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی پر تبادلۂ خیال
وزیر خارجہ کی ایرانی صدر سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی پر تبادلۂ خیال

تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کے سرکاری دورے کے دورن ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی ہے جس میں امریکا ایران کشیدگی سمیت مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

حالیہ ایران امریکا کشیدگی کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہمسایہ ملک ایران کا دورہ کرنے والے وزیر خارجہ  نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے دوران اہم بین الاقوامی امور پر بات چیت کی۔

ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی اور صدر حسن روحانی نے پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔اس موقعے پر مسئلۂ کشمیر پر بھی گفت و شنید ہوئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تاریخِ انسانی کے بد ترین کرفیو کے خلاف آواز بلند کرنے میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تعلقات مذہبی و تاریخی بنیاد رکھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے، تاہم  انہوں نے ایرانی حکومت کے حالیہ بیانات کو حوصلہ افزاء قرار دیا۔

انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی کو ایران امریکا کشیدگی کم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ ہم خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بن سکتے، قیامِ امن کے لیے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے سفارتی سطح پر پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی نہیں چاہتے، انہوں نے امن و استحکام کے لیے پاکستانی کاوشوں کی تعریف کی۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  ایرانی شہر مشہد پہنچنے کے بعد پیغام دیا کہ خطے میں قیامِ امن و استحکام کے لیے دورۂ ایران بہت اہم ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ میں مشہد پہنچ چکا ہوں، خطے میں امن و امان اور افہام و تفہیم کے لیے فضا قائم کرنے کے حوالے سے دورہ اہمیت رکھتا ہے۔ 

مزید پڑھیں:  امن کے لیے دورۂ ایران بہت اہم ہے۔وزیر خارجہ

Related Posts