کراچی میں 3 منزلہ دھاگہ فیکٹری کی عمارت آگ لگنے کے باعث راکھ کا ڈھیر بن گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں آگ گھنٹوں تک لگی رہنے کے باعث 3 منزلہ عمارت مکمل طور پر جل گئی۔ آگ پر 6 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا ہے۔
دھاگہ فیکٹری میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔ 3 منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ فیکٹری میں آگ بجھاتے ہوئے بلدیہ اسٹیشن آفیسر بھی زخمی ہوگیا۔ فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں ایمرجنسی گیٹ موجود نہیں تھا۔
فائر آفیسر کے مطابق دھاگہ فیکٹری میں داخلے کا صرف ایک ہی راستہ تھا۔ حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ لوہے کی کھڑکیاں اندر سے بند تھیں جبکہ فیکٹریوں میں عموماً شیشے کی کھڑکیاں لگائی جاتی ہیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت محمد کاظم، فیاض اور علی شیر کے ناموں سے ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی مزدوروں کے لواحقین اپنے پیاروں کا سن کر فیکٹری کے باہر پہنچ گئے۔ علی شیر کے والد نے گلہ کیا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑی جائے حادثہ پر دیر سے پہنچی۔
مزدوروں کے لواحقین نے دھاگہ فیکٹری مالکان کی غفلت، حفاظتی انتظامات اور ایمرجنسی گیٹ نہ ہونے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکامِ بالا سے انصاف کی فراہمی اور امداد کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مری کے جنگل میں آتشزدگی، کروڑوں کی لکڑی جل کر راکھ ہوگئی