اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہم بیرونی قرضوں کی واپسی کے تمام ریکارڈ توڑیں گے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے باعث آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں کمی ہوگی۔
کار کے کیس میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے،معیشت میں اب آپ کو مزید بہتری نظر آئے گی، تین ماہ میں اسٹاک ایکسچینج میں 5500 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے،ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ، ادارہ سے ملازمین کو فارغ کرنے کا کوئی منصوبہ یا ارادہ نہیں ۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے موجودہ حکومت کی اقتصادی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حسابات جاریہ کے خسارہ میں گذشتہ سال کے مقابلہ میں 64 فیصد کمی آئی ہے جبکہ مالی خسارہ میں پہلی سہ ماہی کے دوران 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پرائمری بجٹ بیلنس کے ضمن میں رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران 285 ارب روپے کی اضافی آمدنی ہوئی اور اسی طرح غیر ملکی سرمایہ کاری میں 137 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گذشتہ 3 سالوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری منفی میں جا رہی تھی۔حماد اظہر نے کہا کہ 2017 کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 50 کروڑ ڈالر ماہانہ کے حساب سے گر رہے تھے تاہم جنوری 2019 سے صورتحال میں استحکام آ رہا ہے اور جون کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں 650 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں : مہنگائی 4سال بعد اپنے ہدف سے زیادہ رہی،اسٹیٹ بینک کی معاشی رپورٹ