اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اوورز سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا انتخابات اصلاحات کا لازمی حصہ ہے۔ شفاف الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں آئی ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے ای وی ایم کا معاملہ اپوزیشن کے ساتھ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین الیکشن میں بہت سارے مسائل کا حل ہے۔ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ بات چیت بے مقصد نہیں ہونی چاہیے بلکہ مسائل کے حل کے لیے ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ الیکشن سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ پارلیمان میں حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان مذاکرات ایک خوش آئند بات ہے۔ وزیراعظم نے ووٹنگ میشن پر اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافہ، سیکرٹری صحت نے نئے احکامات جاری کردیے