اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام اور ایمازون سروسز بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں جبکہ روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فیس بک کو ہیک کر لیا گیا تھا جس سے فیس بک شیئرز کی مالیت گر گئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کو واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور ایمازون سروسز کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکا میں گوگل، ٹک ٹاک اور ایمازون ویب تک بھی عوام کی رسائی مشکل ہوگئی تھی۔
اس دوران اسنیپ چیٹ، ٹیلی گرام اور زوم کی خدمات کو دھچکا پہنچا، امریکا میں ٹیلیفون سروس بھی متاثر ہوئی۔ سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے خدمات کی فراہمی میں تعطل پر سوشل میڈیا صارفین سے معذرت کی۔
فیس بک انتظامیہ کاکہنا تھا کہ ہم صارفین کو پہنچنے والی تمام اقسام کی تکالیف کیلئے معذرت خواہ ہیں۔ واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام بند ہونے سے اربوں کا نقصان ہوا۔ چند ہی گھنٹوں میں ہونے والی نقصان کا تخمینہ 82ارب 80کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
روسی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ فیس بک کو ہیک کر لیا گیا تھا۔ فیس بک کے ڈیڑھ ارب صارفین کا ڈیٹا ہیکرز فورمز پر برائے فروخت ہے۔ ڈیٹا میں صارفین کے نام، فون نمبرز، ای میل، لوکیشن اور یوزر آئی ڈی شامل ہیں۔فیس بک شیئرز کی قیمت 5.7فیصد گر گئی۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس متاثر