سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف فورتھ شیڈول کے تحت کارروائی کا فیصلہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف فورتھ شیڈول کے تحت کارروائی کا فیصلہ
سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف فورتھ شیڈول کے تحت کارروائی کا فیصلہ

راولپنڈی:محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف فورتھ شیڈول کے تحت کاروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پنجاب پولیس اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملکر کارروائی کریں گے۔

اس حوالے سے بیرون ممالک سے آپریٹ ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی جمع کر لی گئی ہیں انٹرپول سے بھی مدد لی جائے گی، سینئر پولیس آفیسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت فرقہ پرستی پھیلانے والوں کے خلاف فورتھ شیڈول کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

مذہبی منافرت کی پوسٹیں لگانے والے اکاؤنٹ ہولڈرز کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم رنگ مقدمہ بھی درج کرے گا، ابتدائی طور پر راولپنڈی پولیس نے ایسے 17 اکاؤنٹ ہولڈرز کی تفصیلات ایف آئی اے کو فراہم کردی ہیں جو پاکستان میں رہ کر مذہبی منافرت اور فرقہ پرستی کے حوالے سے پوسٹیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام اکاؤنٹس سوشل میڈیا فورم پر بلاک کر دیا ہے اور ان اکاؤنٹس ہولڈرز کے خلاف کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے تجویز دی تھی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے والے افراد کو فورتھ شیڈول میں ڈالا جائے پولیس نے 30 سے زائد ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے جو دبئی ابوظبی اور دیگر ممالک سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔

ایسے اکاؤنٹ ہولڈرز کے خلاف فوری کارروائی کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، آئندہ ایسے عناصر کے خلاف پولیس ایف آئی اے ملکر کارروائی کریں گے اور جہاں ضرورت محسوس ہوئی تو انٹرپول سے بھی مدد لی جائے گی تمام اداروں نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔

Related Posts