کراچی میں پاکستان رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کیس کے مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا جس نے 400 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے پرانا گولیمار کے قریب کارروائی کی جس کے دوران قتل کے مفرور ملزم دانش عرف دانی کو حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتار ملزم دانش عرف دانی ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق 4 افراد کے قتل میں ملوث ہے جو گولیمار کی ماربل مارکیٹ سے بھتہ وصولی بھی کرتا تھا۔
ترجمان پاکستان رینجرز کے مطابق دانش عرف دانی پر منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا الزام عائد ہے، رینجرز نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا ہے۔
پاکستان رینجرز سندھ کا کہنا ہے کہ ملزم سے گرفتاری کے بعد جو تفتیش کی گئی، اس کے دوران ملزم نے کراچی میں 400 سے زائد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سندھ رینجرز نے پرانی سبزی منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے تاجر کو بھتے کی دھمکی دینے والے لیاری گینگ وار کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔
گزشتہ روز کے ترجمان رینجرزکے بیان کے مطابق ملزم نے 7 دسمبر کو بہادرآباد میں بلڈر کو 50 لاکھ بھتے کی دھمکی دی تھی، ملزم نے پی آئی بی میں دکان پر فائرنگ اور بھتہ وصولی کا انکشاف بھی کیا، ملزم اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
مزید پڑھیں: رینجرز کی کراچی میں کارروائی، لیاری گینگ وار کاکارندہ گرفتار