کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر شہر کے اسپتال کورونا وائرس کے مریضوں سے بھر گئے، مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کورونا وباء نے اس قدر زور پکڑ لیا ہے کہ شہر کے تقریباً سارے اسپتال کورونا وائرس کے مریضوں سے بھر چکے ہیں، جبکہ اسپتالوں کے مختلف شعبہ جات کو کورونا وارڈز میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔
سول ہسپتال کی جانب سے طبی عملے کی بڑی تعداد کورونا وائرس سے متاثر ہونے پر 6 شعبہ جات کی او پی ڈی اور الیکٹو سرجری کچھ عرصے کے لئے بند کردی گئی ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوائیں اور ماسک ضرور پہنیں۔
دوسری جانب سندھ بھر میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء کے پیش اور اس کی روک کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق این سی او سی کے اجلاس میں شہر قائد میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، اس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سندھ حکومت کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
این سی او سی اجلاس میں کہا گیا کہ وفاق سندھ حکومت کی انتہائی نگہداشت کی صلاحیت بڑھانے کے لئے اپنی جانب سے پوری مدد کررہا ہے اور سندھ حکومت کووینٹی لیٹرزاور آکسیجن بیڈز کی فراہمی کا عمل جاری ہے، اب ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا ایس او پیزسخت کرنے کی تجویز، کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ آج ہوگا