کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، چیئرمین نیب

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، چیئرمین نیب
کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، چیئرمین نیب

اسلام آباد:چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کرپشن کیخلاف کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کرپشن کا ارتکاب کرنے والا اپنی حیثیت اور اختیار کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی فوائد سمیٹتا اور بددیانتی کا مرتکب ہوتا ہے۔

دوسرے لفظوں میں کرپشن کے ذریعے ایک فرد جسے کوئی فرض سونپا جاتا ہے وہ اپنی حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اس پوزیشن کو اپنے مقصد کے حصول کیلئے استعمال کرتا ہے۔

اس میں رشوت اور مالی بدعنوانی بھی شامل ہے جو کہ پاکستان کی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نہ صرف برائیوں کی جڑ ہے بلکہ یہ ریاست کی معیشت، سماجی انصاف اور معیار زندگی کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اگر پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کا خواہاں ہے تو اسے ہرقیمت پر کرپشن کو ختم کرنا ہو گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن معاشرے کو اس بری طرح سے متاثر کرتی ہے کہ اب یہ ملک کیلئے ایک چیلنج بن چکی ہے۔

ترقی یافتہ ملکوں میں ایسے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں جن کے ذریعے کرپشن کم ترین سطح پر آ گئی ہے، انہوں نے اس کیلئے انفراسٹرکچر بنایا ہے لیکن ترقی پذیر ملکوں میں ابھی یہ تشکیل کے مرحلہ میں ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان میں منی لانڈرنگ، کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، معلوم ذرائع آمدن سے زائد اثاثے اور عوام سے دھوکہ دہی بڑے چیلنجز ہیں۔

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے دستور ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ہی قوم کو اس مسئلہ سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ رشوت ستانی اور بدعنوانی ایک لعنت ہے اور یہ قوم کیلئے زہر قاتل ہے اور ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کرپشن کے خا تمے کیلئے پرعزم ہے تاکہ پاکستانی معاشرہ سے کرپشن کی لعنت کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سہ جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

اس میں آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ آگاہی و تدارک پر بھی توجہ مرکوز کی ہے اور معاشرے میں کرپشن سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے ایک راستہ وضع کیا ہے۔

ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں آگاہی پروگرام کے تحت 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں جو کہ نوجوان نسل کو کرپشن کے برے اثرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرتی ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کو اس معاملہ پر آگاہی فراہم کرنا بہت ضروری ہے اور ہمیں کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔

Related Posts