لاہور: سابق وزیر داخلہ اور رہنما ن لیگ چوہدری نثار علی خان نے کل پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
چوہدری نثار علی کا اپنے ایک بیان کہنا تھا کہ کل بروز پیر 24 مئی کو پنجاب اسمبلی کی کا حلف اٹھاؤں گا، تاہم حلف اٹھانے کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہے کہ میرے موقف میں تبدیلی نہیں آئےگی۔
اپنے بیان میں چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ اسمبلی سے تنخواہ، ٹی اے، ڈی اے سمیت کوئی مراعات نہیں لوں گا، حلف اٹھانے کا مقصد حلقے میں سیاسی حالات اور محرکات کنٹرول کرنا ہے۔
چوہدری نثار نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں ان کے پنجاب اسمبلی کے حلف اٹھانے یا نہ اٹھانے کے حوالے سے خبریں اور کہانیاں گردش کرتی رہیں، اس بارے میں نہ تو انہوں نے کوئی بیان دیا اور نہ ہی ان کے کسی سیکریٹری یا ترجمان نے لب کشائی کی پھر بھی کہانیاں بنتی رہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ الیکشن کا بائیکاٹ اور میدان کھلا چھوڑنا اس سے بھی بڑی سیاسی غلطی ہوگی، یہ عجیب منطق ہوگی کہ ایک طرف سیٹ چھوڑ دی جائے اور دوسری ہی سانس میں ضمنی انتخاب میں بھی حصہ لیا جائے، مزید یہ کہ کورونا وبا اور عوام کو بڑے اجتماع کے حوالے سے اس وبا سے بچانے کی ضرورت بھی فیصلے پر اثر انداز ہوئی۔
خیال رہے کہ چوہدری نثار 2018 کے عام انتخابات میں راولپنڈی سے آزاد حیثیت سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن انہوں نے اب تک اسمبلی کی رکنیت کاحلف نہیں اُٹھایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر ملک سے فرار ہو جائیں گے، بلاول بھٹو