پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار عاطف اسلم کا گیت دل جلانے کی بات ریلیز ہوگیا جس کی ویڈیو مختصر وقت میں لاکھوں افراد نے دیکھ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنے نئے گیت دل جلانے کی بات کے ریلیز ہونے کی خوشخبری سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے مداحوں کو خود سنائی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ٹوٹا جو کبھی تارہ گانے والے عاطف اسلم نے اعلان کیا کہ دل جلانے کی بات ریلیز کردیا گیا ہے۔ یو ٹیوب پر گیت کو 24 گھنٹوں میں 15 لاکھ افراد نے دیکھ لیا۔
امریکی فنکار ڈیوڈ زینی نے دل جلانے کی بات کی ویڈیو کیلئے ہدایات دیں جس میں اداکارہ ریکوئل ولدیز عاطف اسلم کے ہمراہ نظر آرہی ہیں۔ دل جلانے کی بات سب سے پہلے ملکۂ ترنم نور جہاں نے 80 کی دہائی میں گایا تھا۔
قبل ازیں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کا گانا ہوائیں سنتے ہوئے اپنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی اور اپنی گاڑی سے بلند و بالا پہاڑ دکھائے جس کا مقصد پاکستان کی خوبصورتی اجاگر کرنا تھا۔
بھارتی گلوکار اریجیت کیلئے اپنے پیغام میں عاطف اسلم نے کہا کہ آپ کا گانا خوبصورت ہے، تصور کریں پاکستان میں ہمارے مداحوں کیلئے پرفارم کرنا کتنا خوبصورت تجربہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اریجیت کا گانا ہوائیں جب ہیری میٹ سیجل نامی بالی ووڈ فلم میں شامل کیا گیا تھا جس میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے، تاہم فلم مداحوں کی نظر میں نمایاں مقام بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
ہمسایہ ملک بھارت میں عاطف اسلم کو بے شمار افراد پسند کرتے ہیں جبکہ اریجیت کو پاکستان میں پسند کرنے والے مداح بے شمار ہیں۔ سن 2007ء میں مسافر کے نام سے فلم سویٹی ویڈز این آر آئی کیلئے دونوں گلوکاروں نے مل کر گیت گایا۔
یہ بھی پڑھیں: خدا اور محبت 3 کا ساؤنڈ ٹریک 10 کروڑ سے زائد افراد نے دیکھ لیا