اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چمن میں افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری نے اپنے مذمتی بیان میں افغان فورسز کے حملے میں پاکستانی شہریوں کی شہادت پر افسوس اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی کے موقع پر زخمی پاکستانی شہریوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں اور پاک افواج کی خطہ میں امن پالیسی کو کمزوری تصور نہ کیا جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے پاک افغان سرحدی شہر چمن میں سرحد پار سے فائرنگ اور راکٹ حملے پر تشویش کااظہار کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے پاکستان کے شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جاں بحق اورزخمی ہونے پر دکھ ہے،وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان حکومت کو متاثرہ شہریوں کی بھرپور معاونت و مدد کرنے کی درخواست کی۔
رانا ثناء اللہ نے افغان علاقے سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
مزید پڑھیں:چمن بارڈر، طالبان فورسز کا ایک بار پھر حملہ، 6 پاکستانی شہری شہید
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان چمن سرحد پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے سے متعلق تفصیلات جمع کررہے ہیں۔