اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے انتخابات کے بعد گلگت بلتستان کیلئے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کراچی اور جنوبی بلوچستان کے تاریخی وفاقی ترقیاتی پروگرامز کے بعد اب ان شاء اللہ گلگت بلتستان کیلئے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام پر کام ہوگا۔
پیغام میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ آج کے الیکشن کے بعد تحریکِ انصاف کی منتخب گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر علاقے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے۔ انہوں نے بلے پر ٹھپہ کا ہیش ٹیگ بنا کر عوام کو تحریکِ انصاف کو ووٹ دینے کی ترغیب بھی دی۔
کراچی اور جنوبی بلوچستان کے تاریخی وفاقی ترقیاتی پروگراموں کے بعد اب انشاءاللہ گلگت بلتستان کے لئے تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام پر کام ہو گا. آج کے الیکشن کے بعد انشاءاللہ تحریک انصاف کی منتخب گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مل کر علاقے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے #بلے_پہ_ٹھپہ
— Asad Umar (@Asad_Umar) November 15, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل گلگت بلتستان کی انتخابی مہم گزشتہ روز ختم ہوئی اور پولنگ آج شروع ہوئی جس کے دوران خطے کے 3 حلقوں میں اہم سیاستدان آمنے سامنے ہیں جن کے مابین کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے انتخابی دنگل میں حلقہ 1، حلقہ 2 اور حلقہ 8 میں بڑے جوڑ پڑیں گے۔ حلقہ 1 میں پاکستان تحریکِ انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اہم امیدوار مدِ مقابل ہیں۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات ، 3 حلقوں میں بڑے جوڑ پڑیں گے