راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پاک فوج پر سیاسی الزامات لگانے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں اور ہمارے کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کے دوران پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور اپوزیشن رہنماؤں کے الزامات کی سختی سے تردید کی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ کچھ چہ مگوئیاں پی ڈی ایم سے متعلق سننے کو ملیں تاہم کسی سے بیک ڈور روابط کا تاثر غلط ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر ننے کہا کہ ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہیں کہ سیاست میں پاک فوج کو نہ گھسیٹا جائے، بلا تحقیق الزام تراشی درست نہیں، قیاس آرائیاں بند کی جائیں۔ پاک فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں دن رات مصروف ہے۔ ہمارا بڑا فرض ملک کی حفاظت ہے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ایسے بیانات دینے والے ہمارے سامنے ثبوت رکھیں۔ کوئی بھی بات بلا تحقیق نہ کی جائے۔ پاک فوج کو سیاست میں گھسیٹ کر قومی سلامتی کے اہم فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ نہ بنیں جبکہ وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی پاک فوج کی خدمات کو سراہا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی ریاست کے ادارے اپنا اپنا کام ذمہ داری سے سرانجام دیتے ہیں۔ ملک کیلئے پاک فوج کا جو کردار ہے، اس کی اہمیت سے انکار نہیں ہوسکتا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر تردید کرچکے ہیں کہ فوج کے کسی سے بیک ڈور روابط نہیں۔ سیاستدانوں کو چاہئے کہ اپنا کام کریں کیونکہ پاک فوج اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور پی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمان جانتے بوجھتے پاک فوج کو متنازعہ بنانے میں ملوث ہیں جبکہ پی ڈی ایم میں کچھ ایسے سیاستدان بھی ہیں جو متنازعہ سیاست سے دور رہتے ہیں۔ پی ڈی ایم تقسیم کی سیاست کو کامیابی سمجھتی ہے جبکہ مستقبل میں بھی ان کا کوئی کردار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جو مؤقف پیش کیا ہے کہ ہم سیاست سے لاتعلق رہیں گے، اس کی حمایت کرنا ہوگی، پاکستان کے جرنیل سیاستدانوں سے زیادہ جمہوریت کے حامی ہیں۔ ملک کیلئے سوچنے والی پاک فوج پاکستان کی سلامتی اور ترقی چاہتی ہے۔ جمہوریت ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کردیں گے۔آئی ایس پی آر