اسلام آباد: کراچی سے خیبر تک پاکستان کی جیت کا جشن جاری ہے، گزشتہ شب قومی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا جس پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت ملک کی نامور شخصیات نے مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرکٹ میں تاریخی کامیابی پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم نے بھارت کو شکست دے کر ہمارے سر فخر سے بلند کردئیے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے ساتھ ساتھ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے بڑے مقابلے میں 10 وکٹوں سے پہلی بار کامیابی حاصل کی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبہ جات میں بھارتی ٹیم کو آؤٹ کلاس کردیا۔ 152رنز کے ہدف کیلئے کپتان بابر اعظم اور رضوان کی جوڑی کافی ثابت ہوئی۔
قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر کراچی سے خیبر تک جشن منایا جارہا ہے۔ مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
قبل ازیں قومی ٹیم کی شاندار فتح پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے قومی ٹیم اور پاکستان قوم کو مبارکباد پیش کی۔
بھارت کو شکست فاش دینے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاباش گرین شرٹس، مکمل صفایا کیا، ہمیں آپ پر فخر ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت کو عبرتناک شکست دینے پر صدر اور وزیر اعظم کی مبارک باد