گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ رزاق داؤد

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ رزاق داؤد

اسلام آباد: مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیرِ تجارت نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل مالی سال ختم ہوگیا، بتانا چاہتے ہیں کہ برآمدات کے حوالے سے گزشتہ سال کیسا رہا۔ ایک سال میں پاکستان میں برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔

گفتگو کے دوران مشیرِ تجارت رزاق داؤد نے کہا کہ مالی سال 21-2020 میں برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ مجموعی طور پر 25 اعشاریہ 3 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ قبل ازیں زیادہ سے زیادہ برآمدات 2013ء میں 25 اعشاریہ 1 ارب ڈالر تھیں۔ برآمد کنندگان نے حوصلہ افزاء کام کیا۔

مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ کورونا مشکلات کے باوجود برآمد کنندگان نے برآمدات میں اضافہ کیا۔ اس کا سہرا صرف وزارتِ تجارت کے سر نہیں ہے جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔ ایک سال میں ٹیرف کو تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ مالی سال 19-2018ء میں ٹیرف لائنز 7000 تھیں۔ رواں سال 4000 ٹیرف لائنز میں تبدیلی کی گئی۔ 42 فیصد برآمدات کیلئے خام مال، مشینری اور دیگر اشیاء زیرو ڈیوٹی پر درآمد کی جارہی ہیں۔ خام مال کو مہنگا کرنے کی پالیسی بالکل غلط تھی۔

ملک کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیرِ تجارت نے کہا کہ موٹر سائیکلز اور ٹریکٹرز کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ ٹریکٹر افریقہ، ایران، شام اور دیگر ممالک کو برآمد کیا جارہا ہے۔ رواں مالی سال کے دوران انجینئرنگ کی مصنوعات کی برآمدات بھی بڑھ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مشرقی سرحد پر مسائل ہیں، اس لیے مغربی سرحد کی طرف توجہ دی گئی۔ مالی سال 21-2020 میں درآمدات 56 ارب ڈالر رہیں۔ درآمدات کے اعدادوشمار پریشان کن نہیں ہیں۔ ہمیں چینی اور گندم درآمد کرنی پڑ رہی ہے۔ درآمدات بڑھنے سے صنعت چلتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روایتی شعبوں کے علاوہ نئے شعبوں کو بھی فروغ دیں گے، رزاق داؤد

Related Posts