کراچی: پاک بحریہ آج اپنا 50واں یومِ ہنگور منا رہی ہے، قومی دن کے موقعے پر خصوصی ویڈیو ریلیز کردی گئی، نیول چیف نے آبدوز ہنگور کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے ہنگور ڈے گولڈن جوبلی کے موقعے پر خصوصی ویڈیو جاری کردی جس میں آبدوز ہنگور کی دشمن کے خلاف کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں آبدوز ہنگور نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے تھے۔
ملک بھر میں گیس کا بحران، وزیر اعظم نے ذخائر کی کمی کا نوٹس لے لیا
امریکہ کی جمہوریت پر سمٹ،پاکستان کا عدم شرکت کا فیصلہ
ہر سال 9 دسمبر کے روز پاک بحریہ آبدوز ہنگور کی یاد میں قومی ہنگور ڈے مناتی ہے۔ ہنگور کو ہمت وجرات کی داستان رقم کیے 50سال مکمل ہوگئے۔ ہندور نے بھارتی جہاز کُکری کو سمندر برد جبکہ کرپا کو مفلوج کرکے رکھ دیا تھا۔
پاک بحریہ کے مطابق جنگِ عظیم دوم کے بعد کسی بھی آبدوز سے بحری جہاز کو پہلی بار آبدوز ہنگور نے تباہ کیا تاہم ایک روایتی آبدوز ہونے کے ناطے یہ جنگی تاریخ کا اپنے لحاظ سے واحد اور مفنرد واقعہ سمجھا جاتا ہے۔ نیول چیف نے آبدوز ہنگور کی تعریف کی۔
قومی یومِ ہنگور کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ نہ ہم یہ دن بھولے اور نہ ہی ہمارا دشمن بھول سکےگا۔ آبدوز ہنگور کا واقعہ جنگی تکنیکی مہارت کی بہترین مثال قرار دیا جاسکتا ہے۔
یومِ ہنگور کے پیغام میں امیر البحر نے کہا کہ آبدوز ہنگور نے جو تاریخ رقم کی، وہ دشمن کے جارحانہ عزائم کا جواب دیتے ہوئے بحری سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاکستان نیوی کے غیر متزلزل عزم و حوصلے کا بہترین عملی نمونہ کہاجاسکتا ہے۔
نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں آبدوز ہنگور کے عملے کی بہادری و استقامت اور جذبۂ حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے۔ ہنگور کا کارنامہ اللہ کی خاص کرم نوازی اور تجربہ کار نیول عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
امیر البحر نے کہا کہ ہنگور کاکارنامہ شاندار رہا، بہادری اور فرض سے لگن کی بہت سی داستانیں رقم کی جاچکی ہیں جس میں آبدوز غازی اور ہنگور کے علاوہ آپریشن سومنات بھی شامل ہے۔ پاکستان نیوی وطن کی حفاظت کیلئے تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے تیارہے۔