وزیر اعظم کے سابق معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری کیس میں کمشنر راولپنڈی پر 1 ارب کے ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری نے راولپنڈی رنگ رود انکوائری کیس میں دعوے سے متعلق درخواست مقامی عدالت میں جمع کرائی۔ معزز جج نے کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ کو دعوے کی سماعت کیلئے طلب کر لیا۔
متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں حکومت کو شکست دی، بلاول بھٹو
شہباز شریف کاعشائیہ،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق مشاورت مکمل
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج خرم سلیم کی جانب سے کمشنر راولپنڈی گلزار شاہ کو 1 ارب ہتکِ عزت کے دعوے سے متعلق نوٹس بھجوایا گیا۔ رنگ روڈ اسکینڈل میں کمشنر راولپنڈی نے زلفی بخاری پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا تھا۔
خیال رہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں اربوں کی کرپشن منظرِ عام پر آنے کے بعد معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ الزامات درست ثابت نہ ہوسکے۔
رنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران کچھ وقت کیلئے معاونِ خصوصی پاکستان سے باہر چلے گئے جس پر زلفی بخاری پر ملک سے فرار ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا، تاہم زلفی بخاری وطن واپس پہنچ گئے اور الزامات کا سامنا کیا۔