صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، شہید کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر صدر زرداری نے شہید کے والد اور خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اور کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور ان کے خاندانوں کی خدمات کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
صدر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر اور حوصلہ دے۔
قبل ازیں یومِ شکرگزاری کے موقع پر صدر زرداری نے مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف پیشہ ورانہ، مؤثر اور بروقت ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے خاص طور پر “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور فوجی قیادت اور جوانوں کے حوصلے، دلیری اور فرض شناسی کو سراہا۔
صدر زرداری نے کہاکہ “یہ کامیابی صرف افواجِ پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے، جو دشمن کے خلاف چٹان کی مانند متحد ہے۔”
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو کسی جارحیت کا خواہاں نہیں، مگر اگر اس کی سرزمین پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
مزید برآں صدرِ پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان نہ تو کسی بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی کو قبول کرے گا اور نہ ہی اپنے جائز آبی حقوق سے دستبردار ہوگا۔