کراچی: سندھ کے ضلع نواب شاہ میں محبوبہ سے ملاقات کے دوران لڑکی کے گھر والوں نے دیکھ لیا، جس پر نوجوان نے بلند عمارت سے کود کر خودکشی کرلی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ سے ملاقات کے دوران 3 منزلہ عمارت سے چھلانگ لگا کر جان دے دی۔ نوجوان محبوبہ کے گھر ملاقات کیلئے پہنچا تھا، لیکن بدقسمتی سے لڑکی کے گھر والوں نے اسے دیکھ لیا تھا۔
سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کا نام سامنے نہیں آسکا، یہ واقعہ نواب شاہ کی تحصیل قاضی احمد میں پیش آیا جہاں نوجوان تیسری منزل سے نیچے کود کر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
پولیس اہلکاروں نے نوجوان کی لاش قریبی ہسپتال منتقل کردی اور لڑکی نورین کو تفتیش کی غرض سے تحویل میں لے کر خواتین پولیس اسٹیشن روانہ کردیا۔ واضح رہے کہ پاکستان، بالخصوص سندھ میں نامحرم لڑکے لڑکیوں کی ملاقات انتہائی معیوب سمجھی جاتی ہے۔
اکثر نوجوان چھپ چھپ کر ملاقاتیں کرتے ہیں، سندھ کے معاشرے میں اور خاص طور پر دیہات میں محبت کی شادیاں بھی انتہائی غلط سمجھی جاتی ہیں۔ اگر کوئی نوجوان جوڑا بھاگ کر شادی کرلے تو سالوں بعد بھی لڑکی کے رشتہ دار انہیں دور دراز سے آ کر قتل کردیتے ہیں۔