نوجوان بھارتی علماء اور دینی مدارس کے فضلا کے ایک گروپ نے مدارس کے اساتذہ، ائمہ مساجد اور علماء کے مالی اور معاشی حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ علماء اور دینی خدمت گاروں کی معاشی ضروریات پر خصوصی توجہ دی جائے۔
بھارتی دار الحکومت دہلی کے مختلف دینی اداروں، مساجد اور تنظیموں سے منسلک علماء کا ایک اجلاس دلی کے للتا پارک لچھمی نگر میں زیر صدارت مولانا عبد السبحان قاسمی ناظم مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن نبی کریم پہاڑ گنج و صدر جمعیۃ علماء ضلع چاندنی چوک دہلی منعقد ہوا۔،
اجلاس میں مدارس اسلامیہ و اساتذہ مدارس کو درپیش مالی پریشانیوں اور معاشی دشواریوں پرغور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر اظہار تشویش کیا گیا کہ بعض مدارس کے اساتذہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہونے کے باعث بے حد دشواریوں و فاقہ کشی کی دہلیز پر جاپہنچے ہیں۔
مولانا عبد السبحان قاسمی نے اساتذہ مدارس کے حالات پر نہایت بے چینی، تکلیف اور دکھ کا کرتے ہوئے بتایا کہ سینکڑوں اساتذہ کی تفصیلات ہمارے سامنے موجود ہیں، جو گھریلو حالات و تنگ دستی کے سبب مایوسی والی کیفیت میں مبتلا ہوچکے ہیں، یہ سخت تشویشناک صورت حال ہے اور ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
عرب دنیا کا پہلا خلائی مشن چاند کی طرف روانہ
اس موقع پر مولانا مفتی ڈاکٹر پروفیسر آصف اقبال قاسمی نے اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ مدارس کے قیام و استحکام اور اساتذہ کے حوصلوں کو برقرار و مضبوط رکھنے کے لئے اپنے اپنے علاقے و حلقے میں ضرورت مند اساتذہ کی خبر گیری کریں اور ان کی ضروریات کی تکمیل سے قطعاً بے توجہی نہ برتیں ۔
میٹنگ میں طے پایا کہ ان شاءاللہ جلد ہی علماء و اساتذہ مدارس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس دہلی میں بعنوان ”اساتذہ مدارس۔ چیلنج اور حل” منعقد کیا جائے گا۔