نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو آئی سی سی ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی سمیٹ لی۔
بنگلادیش کا 246 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 42.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ڈیرل مچل 89،کپتان کین ولیمسن 78 اور ڈیون کونوے نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے چنئی میں کھیلے جارہے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بنگلادیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز لٹن داس اور تنزید حسن نے کیا، مگر میچ کی پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس میٹ ہینری کو کیچ دے بیٹھے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
بنگلادیش کی دوسری وکٹ اوپننگ بیٹرتنزید حسن کی گری جب تنزید 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد مہدی حسن میراز 46 گیندوں پر 30 رنز، پھر نجم الحسن شنٹو 7 اور کپتان شکیب الحسن 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
مشفیق الرحیم اور محمود اللہ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں جس کی بدولت بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ مشفیق الرحیم 66 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ محمود اللہ 41 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن نے تین، ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔