کراچی کے ادارۂ ترقیات (کے ڈی اے) کے 3 سال سے تنخواہوں سے محروم ورک چارج ملازمین نے احتجاج کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی کے کنٹریکٹر ملازمین کے بعد ورک چارج ملازمین نے بھی 3 سال سے تنخواہوں سے محرومی کے خلاف احتجاجی تحریک کا بھر پور آغاز کر دیا ۔پاک فوج کے سربراہ اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
کے ڈی اے کے 300 سے زائد ملازمین تا حال تنخواہوں سے محروم ہیں اور انتظامیہ مختلف بہانے بنا کر ورک چارج ملازمین کو مستقل کرنے کے بجائے بار بار اسکروٹنی کے نام پر نئ نئی کمیٹٰاں بنا دیتی ہے جو بغیر کسی نتیجے پر پہنچے ختم ہو جاتی ہیں۔ صورتحال سے تنگ آکر ورک چارج ملازمین کے تمام دھڑے متحد ہو گئے ہیں۔
سوک سینٹر کراچی میں کے۔ ڈی۔ اے ورک چارج جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر ورک چارج ملازمین نے اپنا گرینڈ احتجاج ریکارڈ کروایا۔ ایک دھڑے کی قیادت وقاص اور دوسرے کی قیادت معیز کرتے رہے تاہم دونوں دھڑے کوئی کارروائی نہ ہونے پر اب مل کر احتجاج کر رہے ہیں۔
ڈی جی آفس، سوک سینٹر کے سامنے احتجاج میں شامل شرکاء کا کہنا تھا کہ ورک چارج ملازمین کے۔ ڈی۔ اے سروس رولز بک کے تحت اپنی ملازمت میں مستقل ہو چکے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے مصنوعی بحران کا رونا رونے کی وجہ سے اپنی تنخواہوں سے پچھلے ڈھائی سال سے محروم ہیں۔
احتجاج میں شامل تمام شرکاء اور ذمہ داران کا کہنا تھا کہ تمام ورک چارج ملازمین اپنے حقوق کی بقاء اور سلامتی کیلئے آپس میں متحد اور منظم ہیں اور اب آئندہ مستقبل میں بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جائز حق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ذمہ داران کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے پیر کے روز کے۔ ڈی۔ اے انتظامیہ کی جانب سے ورک چارج جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کی انتظامی امور پر فائز افسران سے اہم میٹنگ رکھی گئی ہے جس میں اسکروٹنی کمیٹی کی جان بوجھ کر سُست روی کے بارے میں فیصلہ کن بات چیت ہوگی، جسکے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
ورک چارج ملازمین کے اوپر انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے ظلم و ستم کے بارے میں پاک فوج کے سربراہ اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر روانہ کئے جائیں گے اور اگر انتظامیہ کی سُست روی برقرار رہی تو روزانہ کی بنیاد پر ڈائریکٹر جنرل کے دفتر کے باہر ورک چارج ملازمین کی جانب سے دھرنا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، کسٹمز کی کارروائی، 5 کروڑ روپے کا سامان ضبط