کیپ ٹاؤن: پاکستان ویمنز ٹیم نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے حریف ٹیم بھارت کو جیت کے لئے 150 رنز کا ہدف دیا تھا جو بھارتی ویمنز ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کرلیا۔
قومی ویمنز ٹیم نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے افتتاحی میچ میں بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز اسکور کئے تھے۔
قومی ویمنز ٹیم کی کپتان بسمہ معروف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 68 رنز جبکہ عائشہ نسیم 25 گیندوں پر 43 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں منیبہ علی 12 رنز بناکر، جوریہ خان 8 رنز، سدرہ امین 11 رنز جبکہ ندا ڈار بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہوگئیں۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے دیئے جانے والے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ویمنز ٹیم کی اوپنرز نے اننگز کا آغاز کیا، یاستیکا بھاٹیہ17 رنز بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پر جبکہ شفالی ورما 33 رنز اور کپتان ہرمن پریت کور 16 سکور بنا کرنشرہ سندھو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئیں۔
بھارتی بلے باز جمیما روڈریگس اور ریچا گھوش نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے میچ کو ناقابل شکست بنایا، جمیما روڈریگس نے 38 گیندوں پر 53 رنز جبکہ ریچا گھوش نے 20 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں:رونالڈو کی جرسی زلزلہ متاثرین کیلئے 5 کروڑ 72 لاکھ روپے میں فروخت
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب تک 13 ٹی20 مقابلوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں ہندوستان 10 جبکہ پاکستان صرف 3میچز میں کامیاب ہوا ہے۔