انتظامی نا اہلی،کروڑوں کی لاگت سے تیار کردہ خواتین کا کرکٹ اسٹیڈیم بدحالی کا شکار

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

انتظامی نا اہلی،کروڑوں کی لاگت سے تیار کردہ خواتین کا کرکٹ اسٹیڈیم بدحالی کا شکار
انتظامی نا اہلی،کروڑوں کی لاگت سے تیار کردہ خواتین کا کرکٹ اسٹیڈیم بدحالی کا شکار

راولپنڈی:ڈائریکٹوریٹ آف کالجزراولپنڈی اور کالج انتظامیہ کی مبینہ نااہلی اور ہٹ دھرمی سے گورنمنٹ وقارالنساپوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا فلڈ لائٹ ویمن کرکٹ اسٹیڈیم دیکھ بھال نہ ہونے سے 2سال میں مکمل خستہ حالی کا شکار ہو گیا۔

میچوں کا انعقاد اور ضروری مرمت و مینٹی نینس نہ ہونے سے گراؤنڈ میں نصب اڑھائی کروڑ روپے کے قریب مالیت کی فلڈ لائٹس بھی گرنا شروع ہو گئیں، نیٹ پریکٹس کے لئے مختص حصوں کے نیٹ اور جالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار جبکہ کرکٹ کی پچ اور گراؤنڈ جھاڑیوں اور گھاس کی زد میں آنے سے گراؤنڈ کا حلیہ ہی تبدیل ہو گیا۔

سابق دور حکومت میں راولپنڈی میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لئے 3کروڑروپے سے زائد مالیت سے وقار النسا کالج میں خواتین کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا تھا ذرائع کے مطابق خواتین کی کرکٹ کے لئے پاکستان میں صرف 2ہی اسٹیڈیم ہیں جن میں ایک وقار النسا کالج میں اور دوسرا لاہور کینیڈ کالج میں تعمیر کیا گیا تھا۔

2016-17میں تعمیر ہونے والے وقارالنسا ء کرکٹ اسٹیڈیم کے تمام تر انتظامات،دیکھ بھال اور مینٹی نینس کاکام ابتدا میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)راولپنڈی کو سونپا گیا تھااوراس اسٹیڈیم میں سابق کرکٹر ظہیر عباس کے نام سے ویمن کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی گئی تھی۔

تاہم بعد ازاں 2019 میں اس سٹیڈیم کو کالج کے حوالے کر دیا گیا جس کے بعد یہاں 1مالی بھی باقی نہ رہا،تواتر سے دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے فلڈ لائٹس کے لئے نصب بیش قیمت پول بھی زنگ آلود ہونے لگے، جبکہ ان چاروں پول پر مجموعی طور پر نصب 120لائٹس میں بیشتر یا تو خراب ہو چکی ہیں یا ٹوٹ کر لٹک چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان پول پر نصب لائٹس میں ایک لائٹ کی قیمت اس وقت 2لاکھ روپے کے قریب ہے،اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ اس سٹیڈیم میں کرکٹ کی سرگرمیوں اور اسٹیڈیم کی دیکھ بھال میں ڈائریکٹوریٹ آف کالجز راولپنڈی ڈویژن بذات خود بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔

دریں اثنا ڈائریکٹر کالجز فضل الرحمان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ اگرچہ کورونا وائرس میں تیزی اور ممکنہ پھیلاؤ کی وجہ سے حکومت کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں پر عائد پابندی کی وجہ سے یہ اسٹیڈیم بند رہا اس کے باوجود کالج میں واقع آسٹرو ٹرف ہاکی گراؤند اور جم کی دیکھ بھال جاری رہی جس کے بعد اب ہم کرکٹ سٹیڈیم کو جلد اس کی اصل حالت میں بحال کر کے یہاں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کریں گے۔

گورنمنٹ وقارالنساپوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین کی پرنسپل ڈاکٹر زاہدہ نے بتایا کہ کورونا وباء کے دوران حکومتی ایس او پیز کے تحت اسٹیڈیم میں کھیلوں پر پابندی عائد کی گئی تھی اس کے باوجود گزشتہ سال نومبر میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی موجودگی میں یہاں خواتین کے میچ کرائے گئے ہیں۔ لیکن دسمبر میں دوبارہ یہاں میچ روک دیئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی دیکھ بھال کے لئے کالج کے ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ میڈم مریم کی نگرانی میں یہاں باقاعدہ 1سٹاف ممبر تعینات کیا گیا تھا لیکن کورونا کے دوران دیکھ بھال تعطل کا شکار رہی۔ انہوں نے کہا اگرچہ اسٹیڈیم کی دیکھ بھال کے لئے کوئی علیحدہ فنڈز جاری نہیں ہوتے البتہ کالج کے اسپورٹس فنڈز سے اسٹیڈیم کی مینٹی نینس کی جاتی ہے۔

Related Posts