اسلام آباد: شہر اقتدار کے علاقے مارگلہ ٹاؤن اسلام آباد میں ایک خاتون عفت سلطانہ کے گھر پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبضہ کرلیا گیا جس کے باعث خاتون بےگھر ہوکر کرائے کے گھر میں رہنے پر مجبور ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق مارگلہ ٹاؤن کی رہائشی عفت سلطانہ نے مارگلہ ٹاؤن اسلام آبادمیں 2014میں گھر خریدا ،جن لوگوں سے گھر خریدا انہوں نے قبضہ نہ دیا بلکہ علاقے کے مشہور اور بدنامِ زمانہ قبضہ مافیا کے سرغنہ چوہدری نواز اور اس کے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گھر پر مکمل قبضہ کر لیاگیا۔
اس حوالے سے خاتون عفت سلطانہ کا کہناتھا کہ پولیس کو متعدد مرتبہ درخواستوں دی مگر میری کہی بھی شنوائی نہیں ہوئی، تھانہ کھنہ اسلام آباد کا ایس ایچ او اور دیگر عملہ بھی کارروائی سے گریزاں ہے جبکہ قبضہ پارٹی کو تھانے میں وی وی آئی پی پروٹوکول دیا جاتاہے۔
عفت سلطانہ نے کہا کہ ہمیں اور ہمارے بچوں کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ قبضہ مافیا نے ہم پر مکان کی بابت جعلی مقدمہ کیا ہوا تھا جو آخرکار ہم جیت گئے کیس جیتنے کے باوجود پولیس نے ہمیں ہمارے گھر کا قبضہ نہیں لے کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ الٹا پولیس اس قبضہ مافیا کو سپورٹ کررہی ہے، اب اس قبضہ مافیا نے گھر خالی کرنے کے عوض 96لاکھ روپوں کا مطالبہ کیا ہے میں نے پائی پائی جمع کرکے گھر خریدا لیکن اب مجھے ادھر رہنا نصیب نہیں ہورہامیں بے گھر ہوچکی ہوں۔
ان کا کہناتھا کہ اپنا گھر ہوتے ہوئے کرائے کے گھروں میں رہ رہی ہوں، میں ان ظالموں کو کہاں سے 96لاکھ روپے لاکر دوں تھانہ کھنہ کے علاقے میں ہر طرف اسی قبضہ مافیا کا راج ہے پولیس بےبس ہے اور قبضہ مافیا کو تحفظ فراہم کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع ننکانہ صاحب کی رہائشی کا وزیر داخلہ کے بھائی پر خاوند کو اغوا کرنے کا الزام