کراچی: عیسیٰ نگری کے علاقے میں ایک خاتون نے کار اور ٹرک کے درمیان تصادم کے بعد غصے میں آ کر ٹرک ڈرائیور پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق ٹرک اور کار میں تصادم کے بعد دونوں ڈرائیوروں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور اپنی جان بچانے کے لیے گاڑی چھوڑ کر بھاگ گیا اور پولیس اہلکاروں کے پیچھے چھپ گیا۔
پولیس نے دونوں ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق دونوں ڈرائیور تیز رفتاری سے ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کر رہے تھے جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ پولیس اہلکار اے ایس آئی شبیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ جھگڑے کے دوران خاتون جس کی شناخت علیشہ امیر کے طور پر ہوئی، نے پستول نکال کر ہوائی فائرنگ کی جبکہ ٹرک ڈرائیور کی شناخت ظفر اقبال کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علیشہ کے پاس اسلحہ کا لائسنس تو تھا مگر وہ منسوخ ہو چکا تھا۔ خاتون کو ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا جبکہ ٹرک ڈرائیور کو پی آئی بی پولیس اسٹیشن بھیج دیا گیا تاکہ قانونی کارروائی کی جا سکے۔