کراچی: خلیق الزمان روڈ دہلی کالونی میں ایک تیز رفتار کار کی ٹکر سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق متاثرہ افراد سڑک کے کنارے دو دیگر افراد کے ساتھ کھڑے تھے جب اچانک ایک تیز رفتار کار آئی اور تینوں خواتین کو زور دار ٹکر مار دی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ خواتین ہوا میں اچھل کر زمین پر جا گریں اور بے حس و حرکت ہو گئیں جبکہ قریب کھڑے دو مرد بروقت پیچھے ہٹنے میں کامیاب ہو گئے۔
فوٹیج میں یہ بھی دکھایا گیا کہ کار تصادم کے بعد سڑک پر گھومتی رہی اور اس کو واضح نقصان پہنچا۔
موقع پر موجود افراد فوراً زخمیوں کی مدد کے لیے دوڑے۔ زخمی خواتین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر ثمینہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے فریئر تھانے منتقل کر دیا تاہم پولیس کے مطابق دونوں فریقین نے بعد میں تھانے میں باہمی تصفیہ کر لیا۔
یاد رہے کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ریسکیو سروس کے مطابق2025 کے پہلے 45 دنوں میں 107 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ مرنے والوں میں 78 مرد، 14 خواتین، 11 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔
چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1493 تک جا پہنچی ہے۔ زخمیوں میں 1290 مرد، 193 خواتین، 42 بچے اور 18 بچیاں شامل ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق زیادہ تر حادثات بھاری گاڑیوں، جیسے ڈمپروں، ٹریلرز اور آئل ٹینکرز کی وجہ سے پیش آئے۔ جنوری اور فروری 2025 کے ابتدائی چھ دنوں میں 32 حادثات بھاری ٹریفک کے باعث ہوئے۔
ٹریفک پولیس نے حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کارروائی کرتے ہوئے 34,655 چالان جاری کیے اور 490 ڈرائیوروں کو گرفتار کیا۔ 532 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس بھی منسوخ کیے گئے۔