لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پاکستان شاہینز کو ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے پر مبارک باد پیش کی ہے، انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کی جیت سے ورلڈ کپ میں بھی کھلاڑیوں کو حوصلہ ملے گا۔
ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان شاہینز نے فائنل میں انڈیا اے کو کھیل کے ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کردیا، تمام کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں، پاکستان شاہینز ٹیم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ دنیا کی کسی ٹیم سے مقابلہ کرسکتی ہے۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ جیت مستقبل کے لیے ٹیم کو مزید حوصلہ فراہم کرے گی، پاکستان شاہینز کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو آگے بڑھنے کے مسلسل مواقع فراہم کرتے رہیں گے، ایمرجنگ ایشیا کپ کی جیت سے ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
مزید پڑھیں:ایمرجنگ ایشیا کپ فائنل: پاکستان شاہینز نے انڈیا اے کو 128 رنز سے شکست دیدی
ایشیا کپ بھی سری لنکا میں ہے اور ہم سب کی نیک تمنائیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں، خوشی ہے کہ سری لنکا میں پاکستانی ٹیم نے پاکستان شاہینز کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت پاکستانی ٹیم میں زبردست ہم آہنگی ہے اور وہ ایک ہوکر میدان میں اترتی ہے۔