صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں تیز آندھی، بارش اور طوفان کے دوران مختلف حادثات کے نتیجے میں میاں بیوی اور 2 بہنوں سمیت 4 خواتین اور مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گجرات میں تھانہ لاری اڈہ کے علاقے میں پینا فلیکس بورڈ تیز آندھی کے باعث گر گیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
گجرات کے علاقے پرانی فروٹ منڈی میں دیوار گرنے سے ایک محنت کش مزدور جاں بحق ہوگیا۔ مدینہ سیداں میں دیوار گر جانے کے باعث 2 بہنیں جان کی بازی ہار گئیں۔
گرین ٹاؤن میں گھر کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون چل بسی۔ گجرات میں مختلف حادثات کے دوران مجموعی طور پر 6 افراد جاں بحق ہوئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ، درخت اکھڑ جانے، چھتیں اور بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہو گئے۔
گزشتہ ماہ اوکاڑہ میں ایک گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جان کی بازی ہار جانے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
یہ افسوسناک واقعہ اوکاڑہ کے علاقے طارق آباد میں پیش آیا جہاں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث چھت گر گئی۔ خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد ملبے تلے دب گئے۔ اوکاڑہ میں چھت اور درخت گرنے کے باعث 11 افراد جاں بحق ہوئے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں آندھی اور طوفانی بارش، مختلف حادثات میں 16 افراد جاں بحق
قبل ازیں کراچی میں تیز بارش اور آندھی سے درخت، گھروں کی دیواریں اور بجلی کے کھمبے گر گئے، مختلف حادثات میں ایک بچے اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو گئے تھے۔
آج سے تقریباً 2 ماہ قبل آئی آئی چندریگر روڈ اور کیماڑی سمیت کئی مقامات پر تیز بارش ہوئی۔ سرجانی، نیوکراچی اور نارتھ کراچی میں تیز آندھی کی وجہ سے ٹریفک کی روانگی شدید متاثر ہوئی۔
مزید پڑھیں: تیزآندھی اور بارش، مختلف حادثات میں بچے سمیت متعدد افراد جاں بحق