پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر احمد شہزاد نے ایک نجی پوسٹ کاڈ میں کہا ہے کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈیئٹر کو جوائن نہیں کریں گے۔
قومی کرکٹر جو عرصہ دراز سے قومی ٹیم سے باہر ہونے کے علاوہ پی ایس ایل کے کئی سیزن میں بھی شریک نہیں ہوئے ہیں انہوں نے ایک نجی پوسٹ کاڈ میں اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
میزبان نے احمد شہزاد سے سوال کیا کہ اگر فرض کریں آپ کو دوبارہ پی ایس ایل کا برانڈ بنانے کا موقع دیا جاتا ہے تو بطور کھلاڑی آپ کیا نیا کریں گے؟
اس سوال پر احمد شہزاد نے جواب دیا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو میں کوشش کروں گا کہ کوئٹہ گلیڈیئٹر کو جوائن نہ کروں۔
اوپنر نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ میرے کیریئر کا سب سے بڑا ڈاؤن فال وہیں سے شروع ہوا۔ آپ پی ایس ایل کے ابتدائی دو تین سیزن میں میری انفرادی کارکردگی اٹھا کر دیکھیں جتنی انفرادی پرفارمنسز میری رہی ہیں اگر کسی اور فرنچائز کے لیے دی ہوتیں تو انہوں نے مجھے سر پر بٹھا کر رکھنا تھا۔
میزبان نے سوال کیا کہ اگر ایسا تھا تو کئی سال آپ نے کوئٹہ گلیڈیئٹر کے لیے کیوں کھیلا؟اس کا جواب دیتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ یہ میرے اختیار میں نہیں تھا کیونکہ کوئٹہ گلیڈیئٹر نے مجھے پِک کیا تھا۔