کراچی: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کرتے رہیں گے۔
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے تسلط سے آزادی کیلئے کشمیری عوام کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی جدوجہد پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر کشمیر کی آزادی کے آواز بلند کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے رائے عامہ تیار کرتی ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی تو مودی مقبوضہ کشمیر کی تاریخی حیثیت کو ختم کرنے کی جرآت نہ کرتے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر مودی کی جارحیت پر حکومت پاکستان نے نہ صرف قومی یکجہتی کو سبوتاژ کیا بلکہ سفارتی سطح پر بھی موثر آواز نہیں اٹھائی۔
سابق صدر نے کہا کہ ہمارا تعلق اور رشتہ کشمیر کے عوام سے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے عالمی برادری کی حمایت حاصل کریگی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی اور بزدلانہ خاموشی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام جبر اور تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا خواب تھا اس خواب کی تعبیر کے لیئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر جدوجہد کی تھی۔ پاکستان پیپلزپارٹی قائد عوام شہید کے خواب کی تعبیر کرے گی وہ وقت ذیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام کے فتح مند قدموں کی آواز قائد عوام شہید اپنے ابدی آرام گاہ میں سنیں گے۔
مقبوضہ کشمیر کی آزادی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا، کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری@BBhuttoZardari
#KashmirSolidarityDayhttps://t.co/DMVOuB0C6m— PPP (@MediaCellPPP) February 4, 2022
علاوہ ازیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا، کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یوم یکجہتی کشمیر کے موقعے پر پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا اور عالمی ضمیر پر بوجھ ہے، جس کے تصفیے کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور دنیا میں انسانی حقوق کی پاسداری کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
بھارت سات دہائیوں تک مظالم کے پھاڑ توڑنے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہوا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی بدترین پائمالی کو روکنے کے لیئے عالمی برادری کو اپنی ذمیداریاں نبھانا ہوں گی۔
آج اگر پاکستان میں پی پی پی کی حکومت ہوتی، تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مودی کے دانت کھٹے کر دیئے ہوتے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کی کشمیر کاز کے لیئے کی گئی کاوشوں کے باعث کشمیریوں کی دلوں میں ہمیشہ جذبہ محبت و اعتماد موجزن رہا ہے۔ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو نے تو اپنی پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر کی وجہ سے رکھی تھی۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے