ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ انڈسٹری پر تنقید کی تھی، اس کے بعد سے ان پر تنقید کا سلسلہ جاری تھا، تاہم اب انہوں نے اس حوالے سے وضاحت پیش کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پریانکا چوپڑا ان دنوں اپنی آنے والی پرائم ویڈیو سیریز ”کیٹاڈل” کی پروموشن میں مصروف ہیں، اس دوران ان سے پوڈکاسٹ میں بالی ووڈ انڈسٹری سے متعلق کئے گئے انکشافات کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ ”انہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری میں کام کے حوالے سے تجربات سے متعلق اب بات کیوں کی جب کہ وہ انڈسٹری کو خیر باد کہہ چکی ہیں؟
اس سوال پر پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ آج میں اپنی زندگی میں ایک بہتر جگہ پر ہوں اور اس مقام پر پہنچ چکی ہوں جہاں سے واضح طور پر اور باآسانی اس بارے میں بات کرسکتی ہوں، اپنے جذبات کا کھل کے اظہار کرسکتی ہوں ”۔
بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ”پوڈکاسٹ کے دوران مجھ سے میری زندگی اور کیرئیر کے حوالے سے پوچھا گیا تھا کہ میں آج جس مقام پر ہوں وہاں تک کیسے پہنچی اور اس میں مجھے کیا مشکلات پیش آئیں، تو میں نے اس وقت سے آغاز کیا جب میں صرف 10سال کی تھی۔
اس کے بعد 20، 30 اور پھر 40 برس کی ہونے تک اپنی زندگی کے مختلف واقعات اور تجربات کا تذکرہ کیا، تاہم میرے ساتھ جو کچھ ہوا اسے معاف کرکے اپنی زندگی میں بہت آگے بڑھ چکی ہوں ”۔
مزید پڑھیں:کیا وہاج علی بالی ووڈ میں قدم رکھنے والے ہیں؟ کرن جوہر نے اشارہ دیدیا
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے گزشتہ دنوں ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کس طرح انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے نہیں دیا گیا، ان کے لئے مشکلات پیدا کی گئیں، یہاں تک کہ انہیں گوشت کھانے پر مجبور کر دیا گیا۔ مذکورہ بیان سامنے آنے کے بعد ان پر تنقید کی جارہی تھی۔