جنیوا: اقوامِ متحدہ کے ادارے نے تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس پر خطرے کی گھنٹی بجا دی، عالمی ادارۂ صحت کے مطابق جنوبی افریقہ میں پھیلنے والا وائرس پورے براعظم کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارۂ صحت کے ایمرجنسیز چیف مائیکل ریان نے ورچؤل نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے اعدادوشمار پریشان کن ہیں جبکہ ہم وائرس کو افریقہ میں پھیلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔
ایمرجنسیز چیف مائیکل ریان نے کہا کہ افریقہ میں کورونا وائرس کے اعدادوشمار تازہ ترین معلومات کے مطابق زیادہ نہیں ہیں کیونکہ یہاں کورونا وائرس صحیح طریقے سے پہنچا نہیں۔ اب تک وائرس کے باعث افریقہ میں 15 ہزار اموات اور 7 لاکھ 25 ہزار کے قریب کیسز دیکھنے میں آئے۔
مائیکل ریان کے مطابق جنوبی افریقہ میں ہفتے کے روز 13 ہزار 373 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور جنوبی افریقہ آج دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ رواں ہفتے جنوبی افریقہ میں کورونا کے باعث ہلاکتیں 5000 سے تجاوز کرگئی ہیں جو افریقہ میں بد ترین اعدادوشمار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس جنوبی افریقہ سے نکل کر پورے براعظم میں پھیل سکتا ہے۔ اگر کوئی ہنگامی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو کورونا وائرس افریقہ میں پھیل کر تباہی مچا سکتا ہے۔ جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث 6 لاکھ 13 ہزارافراد ہلاک