پاکستان کے سوشلستان میں جھگڑے، لفڑے، تنازعات اور کسی کے حق میں تو کسی کے خلاف مہمات نئی بات نہیں، یہ روز کی کہانی ہے، یہاں صبح کسی کو پلکوں پر بٹھایا جاتا ہے تو شام ہوتے ہوتے اس کی دستار پامال ہوکر رہ جاتی ہے۔
سماجی رابطوں کی معروف سائٹ ایکس پر آج ‘مولوی برائے فروخت’ ٹرینڈ پر ہے، یہ کون مولوی ہے جس کی ‘شامت’ آگئی ہے اور کیوں؟ ٹرینڈز پر سب سے اوپر ‘مولوی برائے فروخت’ دیکھتے ہی ہمارے دماغ میں سوالات کی سوئیاں چبھنے لگیں۔
70 کروڑ کی قیمتی مچھلی کا شکار کرنے والا خوش قسمت پاکستانی ماہی گیر کون ہے؟
#مولوی_برائے_فروخت کون؟
اندازہ یہی تھا کہ ہو نہ ہو اس ٹرینڈ کے پیچھے کوئی سیاسی محرک ہوگا اور اس معرکے کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے ‘کی بورڈ واریئرز’ کے ہاتھ میں ہی ہوگا۔
تجسس کے ساتھ جیسے ہی ٹرینڈ کو کھول کر دیکھنا شروع کیا تو ہمارا اندازہ درست نکلا، تاہم خیال یہ تھا کہ آج ‘انصافیوں’ کو پھر کہیں اپنے نمایاں حریف مولانا فضل الرحمن کی یاد آگئی ہوگی، مگر یہ خیال غلط نکلا۔
اس ٹرینڈ کے ساتھ ہمارے اندازوں کے بالکل برعکس ایک ایسی مذہبی شخصیت کی ویڈیو لگائی جا رہی تھی جو اس سے قبل انصافی بریگیڈ کے ہی مورچے کی ہمنوا شمار کی جاتی تھی۔ ہم بات کر رہے ہیں معروف مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا کی۔
انجینئر محمد علی مرزا جہاں اپنے مذہبی افکار اور شدت سے ان افکار کی ترویج کے باعث تمام ہی مذہبی حلقوں میں متنازع شمار کیے جاتے ہیں وہاں وہ کل تک عمران خان کیلئے دیگر سیاستدانوں کی نسبت دل میں اچھا خاصا وسیع نرم گوشہ رکھنے کیلئے بھی جانے جاتے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے جیالے کپتان کی حمایت کرنے پر انجینئر علی مرزا کو سر آنکھوں پر بٹھاتے تھے اور انہیں حسب روایت ایک جرات مند اور باشعور مذہبی رہنما کے طور پر احترام کی نگاہ سے دیکھتے تھے جو ان کے لیڈر کو سپورٹ کرتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ پھر اچانک یہ کیا ماجرا ہوگیا کہ انجینئر مرزا اہل انصاف کے دل سے اتر گئے اور انہیں ‘انصاف’ کے پرچم برداروں نے ‘ٹرینڈ میزائل’ کے نشانے پر رکھ لیا؟
کل تک عمران خان کے سپورٹر کی حیثیت سے تعارف و شناخت کے باعث اس ٹرینڈ میں شامل ان کی ویڈیو دیکھ کر شروع میں ہم سمجھے انجینئر مرزا نے شاید عمران خان کے کسی مخالف سیاسی و غیر سیاسی مولوی کو برائے فروخت کہہ دیا ہے، جسے اہل انصاف ہاتھوں ہاتھ لے کر مورچہ بند ہوگئے ہیں، مگر یہ خیال غلط نکلا، ویڈیو دیکھنے سننے کے بعد پتا چلا کہ انجینئر مرزا کی بات ہی انہیں بری لگی ہے اور اس قدر بری لگی ہے کہ انہیں #مولوی_برائے_فروخت قرار دے کر عمران خان پر تنقید کا جواب دیا جا رہا ہے۔
انجینئر مرزا نے عمران خان کے متعلق کیا کہا؟
ٹرینڈ کے ساتھ شیئر کی جانے والی ویڈیو میں انجینئر مرزا کو کسی ولاگر کو انٹرویو دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انٹرویو کے دوران ایک سوال پر وہ کہتے ہیں کہ عمران خان نے سیاست میں جو اخلاقی معیار قائم کیا تھا، معذرت کے ساتھ وہ دھڑام سے گرگیا ہے۔
ہاہا ۔۔۔۔ یہ ٹرینڈ کس عظیم ہستی نے شروع کی ہے #مولوی_برائے_فروخت#ظلم_کا_بدلہ_ووٹ_سے pic.twitter.com/viQIgBUmdj
— Shehr Bano Official (@OfficialShehr) November 9, 2023
دوسرے سیاستدانوں سے موازنے کے سوال پر انجینئر مرزا کہتے ہیں کہ عمران خان کا دوسرے سیاستدانوں سے موازنہ کرنا ہی نہیں ہے، ان کا موازنہ ان کے اپنے دعوؤں سے ہی کیا جائے گا۔
وہ کہتے ہیں عمران خان یہ دعوے کرتے رہے کہ وہ ایک فرشتے ہیں اور ان کے علاوہ تمام سیاستدان چور ہیں، مگر ان کے قول و فعل میں تضاد نے ان کے تمام دعوے فیل کر دیے۔