ممبئی: بالی ووڈ اسٹار سیف علی خان چاقو کے زخموں کے بعد خطرے سے باہر ہیں جو ان کے گھر میں ایک چور کے ساتھ جھگڑے کے دوران لگے۔
اداکار کی لیلاوتی ہسپتال میں دو سرجریاں ہوئیں، ڈاکٹرز کے مطابق سیف علی خان سرجری کے بعد بہتر ہو رہے ہیں۔
سیف علی خان بالی ووڈ کے سب سے کامیاب اداکاروں میں سے ایک ہیں جن کی 70 سے زائد فلمیں اور ٹیلی ویژن سیریز ریلیز ہوچکی ہیں۔ وہ سابق بھارتی کرکٹ کپتان منصور علی خان پٹودی اور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کے بیٹے ہیں۔
اداکار سیف علی خان پر ممبئی میں ان کے گھر پر ایک نامعلوم شخص نے حملہ کیا، 54 سالہ سیف علی خان کو جمعرات کی صبح تقریباً 3:30 بجے ممبئی کے قریب ایک ہسپتال میں لے جایا گیا، جہاں انہیں چھ زخم لگے، جن میں سے دو دیگر سے گہرے تھے اور ایک ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔
سیف علی خان اپنی بیوی کرینہ کپور اور دو بچوں کے ساتھ مغربی ممبئی کے باندرہ علاقے میں ایک اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں۔
کرینہ کے ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیف علی خان پر ایک شخص نے حملہ کیا، جو چوری کی کوشش کے دوران ان کے گھر میں داخل ہوا۔
پولیس کے مطابق یہ شخص اداکار کے گھر میں آگ کی ایمرجنسی سیڑھیوں کے ذریعے داخل ہوا اور گھر میں چوری کی کوشش کی۔
ملزم سیف کے مزاحمت کرنے پر بھاگ گیا۔ ممبئی پولیس کے ایک اہلکار نے مزید کہا کہ ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے دس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔