پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا کی سابقہ اہلیہ اور معروف اینکر پرسن سعدیہ افضال نے بزنس مین عمر چوہدری سے شادی کر لی۔ یہ شاندار تقریب 22 دسمبر 2024 کو اسلام آباد کے سیرینا ہوٹل میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں قریبی اہل خانہ، رشتہ داروں، اور معروف سیاستدانوں نے شرکت کی، جن میں شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف، مصطفیٰ کھوکھر، فیصل کریم کنڈی، اور کشمالہ طارق شامل تھے۔
انسٹاگرام پر “گرینڈ ایونٹ مینجمنٹ” کی جانب سے شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں سعدیہ افضال کو آف وائٹ منیش ملہوترا کے عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے گولڈن اور زمرد کے زیورات کے ساتھ اپنے انداز کو مکمل کیا۔ سنہری کنگن ان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہے تھے۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی تعریفوں اور نیک تمناؤں کے پیغامات کی بھرمار کر دی۔
سال 2021 میں افواہیں سامنے آئیں کہ سعدیہ افضال اور فیصل واوڈا نے شادی کر لی ہے۔ جب فیصل واوڈا نے سینیٹ انتخابات کے لیے نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے، تو ان میں ان کی پہلی بیوی، دو بیٹیاں، اور دوسری بیوی سعدیہ افضال کا ذکر موجود تھا۔
فیصل واوڈا کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد سعدیہ افضال نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ٹوئٹر پر ان کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی، لیکن دونوں نے اپنی شادی کے بارے میں عوامی سطح پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔ یہاں تک کہ ان کی طلاق کی وجوہات اور وقت کے بارے میں بھی کبھی وضاحت نہیں دی گئی۔
سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ان کی طلاق تقریباً 15 دن پہلے ہوئی، جس کی ممکنہ وجہ ایک مبینہ ویڈیو ریکارڈنگ کو قرار دیا جا رہا ہے، جس پر واوڈا نے اپنی سابقہ اہلیہ کو الزام دیا۔ تاہم ان باتوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
فیصل واوڈا کی سابقہ اہلیہ سعدیہ افضال کے مبینہ طور پر عدت کے دوران نکاح کے حوالے سے افواہیں زیر گردش ہیں۔ چونکہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کو عدت میں نکاح کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، اس لیے پی ٹی آئی کے حامیوں نے سعدیہ افضال کے نکاح پر فیصل واوڈا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔