پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر سابق کپتان بابر اعظم اور اہم بیٹر فخر زمان کے مستقبل کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔
بابر اعظم اس وقت تمام فارمیٹس میں خراب فارم سے گزر رہے ہیں، حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وہ مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 47 رنز بنا سکے جبکہ فخر زمان فٹنس مسائل اور کچھ دیگر معاملات کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بابر کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے گزشتہ دنوں سابق کرکٹر باسط علی نے دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اس فارمیٹ میں بابر کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔
باسط علی نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا کہ عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد بابر کا یہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ہو سکتا ہے کیوں کہ عاقب بابر کے ناقدین میں سے ایک ہیں۔
تاہم عاقب جاوید نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باسط کے اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد کیا اور بابر کی قومی ٹیم کے لیے سالوں کی خدمات کو یاد دلایا۔
عاقب جاوید نے کہا کہ سینیئر کھلاڑی جیسے کہ بابر اور رضوان کی ٹیم میں ایک اہمیت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے سالوں تک کارکردگی دکھائی ہے۔ ہر شخص کی اپنی رائے ہوتی ہے لیکن ہمارا فوکس کسی انفرادی کھلاڑی کو نشانہ بنانے پر نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کسی نے دیکھا کہ بابر نے آخری 3 ون ڈے میچوں میں کیسا کھیلا، جب آپ کوچ یا سلیکٹر بنتے ہیں، تو یہ انفرادی پسند یا ناپسند کی بات نہیں ہوتی، آپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔
دوسری جانب فخر زمان کے متعلق عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ فخر زمان میچ ونر کھلاڑی ہے اگر فٹ ہوا تو ٹیم میں موقع دیا جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی کے آنے سے رزلٹ کافی بہتر ہوئے ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ فخر زمان نے زبردست پرفارمنس دی ہے، اس کے کچھ فٹنس کے مسائل چل رہے تھے، فخر زمان کے فٹنس مسائل حل ہوئے تو سلیکشن کمیٹی دیکھے گی، فخر زمان میچ ونرہے، فٹ ہوگا تو ترجیح دی جائے گی۔