پاک بھارت جنگی تناؤ کے باعث پنجاب حکومت نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم ہدایات (ایس او پیز) جاری کر دیں۔
سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب عوام کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اپنے گھروں میں ایک محفوظ، بغیر کھڑکیوں والا کمرہ، جیسے تہہ خانہ یا اندرونی کمرہ، ہنگامی صورتحال کے لیے مختص کریں۔
ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مکمل ہنگامی کٹ جس میں ابتدائی طبی امداد، ضروری ادویات، بوتل بند پانی، خراب نہ ہونے والی خوراک، ٹارچ، اضافی بیٹریاں اور پورٹیبل چارجرز شامل ہوں۔
الارم یا وارننگ کی صورت میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام لائٹس بند کر دیں تاکہ باہر سے ان کا پتہ نہ چل سکے۔
کسی بھی حملے کی صورت میں اپنے گھروں کے اندر محفوظ جگہ پر منتقل ہونے، دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنے اور گیس کے کنیکشن بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اگر انخلا کو لازمی قرار دیا جائے تو شہریوں کو فوری طور پر سرکاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عمارت چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ساتھ ہی، ہنگامی کٹ، شناختی کارڈز، انشورنس اور دیگر ضروری دستاویزات اپنے ساتھ لے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔