اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انہوں نے مذاکرات کے لیے کوئی پیشگی شرط نہیں رکھی بلکہ حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ہیں۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان پہلے بھی مذاکرات کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں تاکہ سیاسی بحران کا خاتمہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مذاکرات ہوئے تھے لیکن کوئی معاہدہ نہ ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے سیاستدانوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔
اس سے قبل اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مظاہروں میں مبینہ ملوث ہونے کے حوالے سے مقدمے کی سماعت ہوئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کیس کی سماعت کی، جو کراچی کمپنی تھانے میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
انقلابی شلواریں چھوڑ کر بھاگ گئے اور، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی احتجاج پر کڑی تنقید
پی ٹی آئی چیئرمین اپنے وکلاء، آمنہ علی، سردار مصروف اور مرتضیٰ طوری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران جج نے کہا کہ مقدمے میں دیگر سات افراد بھی ملزم ہیں اور وکلاء کو کیس کو غیر ضروری طور پر طول دینے سے گریز کرنا چاہیے۔
وکیل نے دیگر ملزمان کی موجودگی کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا، جس پر جج نے کہا، “آپ بیرسٹر گوہر کے لیے استثنیٰ کی درخواست دے سکتے ہیں، میں اسے منظور کر لوں گا۔”بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے دیگر ملزمان کو بریت کی درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت کی۔