اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ صرف چند دستاویز کی بدولت آپ کا قرضہ منظور ہو جائے گا، پورا گھر تیار کر کے 14 لاکھ روپے میں کم آمدنی والوں کو دیا جائے گا۔
شہباز گل نے کہا کہ اب سرکاری زمین بڑے بڑے مگر مچھوں کو نہیں ملے گی، اب گھروں کے سیکٹرز میں انقلاب دیکھیں گے۔شہباز گل نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے قرض کے حصول کیلئے راہ ہموار کی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے بڑے ممالک میں بھی گھر بنانے کیلئے قرض کی ضرورت ہوتی ہے، کسی کو قرض لے کر گھر بنانے کا کہا جائے تو پہلا ردعمل منفی آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ہاؤسنگ کی بات ہوتی ہے تو بڑے شہروں کو ترجیح دی جاتی ہے، کیا چھوٹے شہریوں اور عام آدمی کو اپنے گھر کا کوئی حق نہیں؟۔
ماضی میں گلبرگ، جوہر ٹاؤن میں منظور نظر لوگوں کو پلاٹ دیئے گئے، اب سرکاری زمین بڑے بڑے مگر مچھوں کو نہیں ملے گی، اب سرکاری زمین عام آدمی کے استعمال میں لائی جائے گی، گھروں کے سیکٹرز میں انقلاب دیکھیں گے۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ 21 ہزار 700 درخواستیں نیا پاکستان اتھارٹی کے پاس موجود ہیں، پہلے مرحلے میں 10 ہزار 239 درخواستوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کا ایک نیا منصوبہ لا رہے ہیں، پہلے فیز میں 3 ہزار کنال پر 26 تحصیلوں میں کام شروع ہوگا، منصوبے کے پہلے فیز میں 14 لاکھ میں گھر بنا کر دیا جائے گا، صرف چند دستاویز کی بدولت آپ کا قرض منظور ہو جائے گا۔