معروف اداکار شاہد کپورکی فلم ”تیری باتوں میں ایسا اُلجھا جیا“ آخر کار او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دستیاب ہے جہاں فلم بینوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے کیلئے پہنچ گئی۔
آج سے 2 ماہ قبل 9فروری کو شاہد کپور اور کریتی سینوں کی رومانوی کامیڈی سے بھرپور فلم تیری باتوں میں ایسا اُلجھا جیا سینما گھروں کیلئے ریلیز کردی گئی تھی جس کے بعد فلم کو ایمازون پرائم ویڈیو پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا اور یہ وعدہ پورا بھی کردیاگیا۔
ابتدائی طور پر فلم کو رینٹ پر اسٹریم کرنے کی اجازت تھی جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی شخص یہ فلم ایمازون پرائم ویڈیو پر دیکھنا چاہے تو اسے فلم دیکھنے کیلئے اضافی رقم دینی پڑتی تھی تاہم اب پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی ہے۔
فلم کی کہانی
اگر فلم کی کہانی کی بات کی جائے تو امیت جوشی اور ارادھنا شاہ کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم آریان یعنی شاہد کپور کے گرد گھومتی ہے جو محبت کے ایک نئے سفر پر امریکا جا پہنچتا ہے جہاں اس کی ملاقات ایک خوبصورت خاتون سے ہوتی ہے اور وہ اسے دل دے بیٹھتا ہے۔
کہانی میں دلچسپ موڑ اس وقت آتا ہے جب ہیرو شاہد کپور کو پتہ چلتا ہے کہ جس خاتون سے ان کو محبت ہوئی ہے، وہ کوئی انسان نہیں بلکہ سِفراء نامی ایک روبوٹ ہے، اس لیے ہیرو پوری کوشش کرتا ہے کہ اس کی محبت اور اس کی کہانی میں جان باقی رہے۔
فلم کی کاسٹ
کاسٹ کی بات کی جائے تو اس فلم میں کریتی سینوں اور شاہد کپور کے علاوہ ڈمپل کپاڈیا، دھرمیندر، راجیش بیدی، راجیش کمار اور اشیش ورما سمیت بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے بڑے نام شامل ہیں۔
کارکردگی
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق ”تیری باتوں میں ایسا اُلجھا جیا“ نے اپنی ایڈوانس بکنگ سے ہی متاثر کن کمائی کی۔ بھارت بھر میں اپنی ریلیز کے پہلے ہی روز فلم کے 96 ہزار 571 ٹکتس فروخت ہوئے اور تجزیہ کاروں نے فلم پر ملے جلے اور مثبت تبصرے کیے۔
رواں برس میں اب تک ریلیز کی گئی بھارتی فلموں میں سے شاہد کپور اور کریتی سینوں کی یہ فلم ساتویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ پاکستانی شائقین اس فلم کو ایمازون پرائم ویڈیو پر دیکھ سکتے ہیں، اس کیلئے زیادہ ادائیگی بھی نہیں کرنی ہوگی۔