سکھر: کورونا وائرس کے خوف کے باعث بلوچستان کے علاقے تفتان میں رکھے زائرین کو ڈیرہ غازی خان اور سکھر کے علاقے میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ایران سے پاکستان پہنچنے والے زائرین کو تفتان بارڈر سے لے کر دوبسوں کے ذریعے سکھر کی لیبر کالونی پہنچایا گیا جن میں مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔
جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا‘مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر کو ہدایت کی کہ تمام آنے والے زائرین کے ٹیسٹس شروع کیے جا ئیں، ابھی 289 زائرین پہنچے ہیں اور مزید 853 پہنچنے والے ہیں۔ صحت کی خصوصی ٹیمیں بھی سکھر بھیجی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے میلے‘ شادیاں‘ درگاہیں اور مدارس کو بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دیگر وزراء کو تقریبات میں جانے سے منع کردیا ہے‘ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر کہیں بھی لاک ڈاؤن کی صورتحال ہو تو شہریوں تک غذا‘ دوائیں اور ڈاکٹروں کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔