کراچی /لاہور: عوام کی طرف سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا ناجائز فائدہ اٹھانے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر سندھ اور پنجاب حکومت نے پہلے سے زیادہ سخت لاک ڈاؤن لگانے کی وارننگ دیدی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کاکہنا ہے کہ صوبے میں ایک دن میں 18 افراد نے ناول کورونا وائرس سے کی وجہ سے دم توڑ دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو دوبارہ پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا متعدد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، جن میں سے 27 وینٹیلیٹروں پر ہیں ، اس کے علاوہ کراچی میں 412 نئے کیسزکی اطلاع ملی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے بارے میں متنبہ تھا لیکن عوام نے ایس او پیز کی پیروی نہیں کی، اس لئے سندھ میں پہلے سے زیادہ سخت لاک ڈاؤن کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے لاک ڈاؤن میں آسانی کے بعد عوامی رد عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے ہمیں مشکلات میں ڈال دیا ہے ،صوبہ دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں کو چند روپے کے عوض داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ میں تاجروں کی وکالت کرتے ہوئے تھک چکا ہوں ، لیکن تاجروں نے تمام حدیں پار کردی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن میں نرمی ،ملک بھر میں مارکیٹس کھل گئیں، کاروباری سرگرمیاں بحال